وزٹ ویزا کے بہانے انسانی اسمگلنگ کا منصوبہ پکڑا گیا، 2 مسافر اور 3 ایجنٹس گرفتار

لاہور (بیورو رپورٹ) لاہور ایئرپورٹ پر وزٹ ویزا کے بہانے انسانی اسمگلنگ کے ایک منصوبے کا انکشاف ہوا ہے۔ امیگریشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے 2 مسافروں شاہزیب ریاض اور مرزا عثمان کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک پایا اور گرفتار کر لیا۔

ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمان سری لنکا اور کمبوڈیا کے راستے غیر قانونی طور پر البانیہ جانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ملزمان نے طیب، خالد اور کاشف علی نامی ایجنٹس کو ہر مسافر کے لیے 20 لاکھ روپے ادا کیے تاکہ وہ انہیں غیر قانونی طور پر البانیہ پہنچا سکیں امیگریشن حکام کی نشاندہی پر مزید کارروائی کرتے ہوئے پارکنگ سے تین ایجنٹس کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا گیا ہے۔