اسلام آباد (کرائم رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ اور جعلی مصنوعات کے خلاف مختلف علاقوں میں بڑی کارروائیاں کیں ، ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے ماجرہ شمالی سے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر وقاص علی عرف وقاص بٹ کو گرفتار کیا، جو لیبیا سے یونان کے لیے شہریوں کو غیر قانونی سمندری راستوں کے ذریعے بھیجتا تھا۔ ملزم 4 مقدمات میں مطلوب تھا اور سال 2023 میں 4 شہریوں سے فی کس 30 لاکھ روپے وصول کر کے مجموعی طور پر 1 کروڑ 20 لاکھ روپے ہتھیائے، جن میں ایک شہری کشتی حادثے میں جاں بحق ہوا۔ ڈائریکٹر محمد بن اشرف نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔
اسی طرح ایف آئی اے لاہور نے فیصل آباد اور ننکانہ صاحب میں مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 3 ملزمان فیصل حسین، ندیم ضیاء اور بشیر احمد کو گرفتار کیا۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ورک ویزہ کا جھانسہ دے کر 14 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیاتے تھے مزید برآں، ایف آئی اے امیگریشن نے مراکش کے راستے اسپین جانے کی غیر قانونی کوشش ناکام بنائی۔ مسافر فیصل مراد ولد قاضی گل ضلع سوات کو روک کر مزید تفتیش کے لیے ریفر کیا گیا، جس میں غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے واضح شواہد سامنے آئے۔
لاہور میں ایف آئی اے نے جعلی مصنوعات بنانے والے 2 ملزمان سہیل صابر اور منصور خلیل کو انارکلی مارکیٹ سے گرفتار کیا۔ ملزمان معروف رجسٹرڈ کمپنی کی جعلی پروڈکٹس تیار، اسٹاک اور فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے۔ ملزمان کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ، یہ کارروائیاں انسانی اسمگلنگ اور کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے خلاف ایف آئی اے کی مسلسل کارروائیوں کا حصہ ہیں، تاکہ عوامی مفاد اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

