اسلام آباد (کرائم رپورٹر )انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس کے 86 افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی کی منظوری دیدی۔ اس ترقی میں 49 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل، 18 ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور 16 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر کے عہدوں پر ترقی دی گئی۔ ساتھ ہی منسٹریل اسٹاف کے تین افسران کو بھی ترقی یاب کیا گیا۔
محکمانہ ترقی کمیٹی نے خالی سیٹوں پر میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے تحت افسران کے ریکارڈ کا جائزہ لیا اور معیار پر پورا اترنے والے افسران کو ترقی کی سفارش کی ، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ محکمانہ ترقی ذمہ داریوں میں اضافے اور افسران کے اعتماد کی عکاس ہے، جبکہ یہ ہر پولیس افسر کا بنیادی حق بھی ہے۔ انہوں نے ترقی یاب افسران سے توقع ظاہر کی کہ وہ اپنے فرائض خوش اسلوبی اور ایمانداری کے ساتھ سر انجام دیں گے اور شہیدوں و غازیوں کے محکمہ کی نیک نامی کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
آئی جی نے مزید کہا کہ پولیس فورس کی ویلفئیر ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور تمام کورس پاس کرنے والے افسران کو سنیارٹی کے مطابق خالی سیٹوں پر ترقی دی جائے گی، اور یہ عمل تمام خالی سیٹیں مکمل ہونے تک جاری رہے گا۔

