اسلام آباد (کرائم رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے اسلام آباد زون میں تعینات افسران و اہلکاروں کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفیکیٹس سے نوازا۔ تقریب ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جس میں ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن انداز میں ادا کرنا ادارے کی نیک نامی اور عوامی اعتماد میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔
تعریفی سرٹیفیکیٹس حاصل کرنے والوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سدرہ فاطمہ ہاشمی، سید ارسلان علی رضا، نعمان خلیل، عمر ارسلان اور میر فیضان الحق شامل ہیں۔ اسی طرح انسپیکٹرز فہیم رضا، عبداللہ کیانی جبکہ سب انسپیکٹرز تابش جاوید اور راشد علی کو بھی انعام دیا گیا۔
ڈی جی ایف آئی اے نے مزید کہا کہ محنت، دیانتداری اور لگن سے کام کرنے والے افسران ادارے کا اصل سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ادارے کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

