اسلام آباد پولیس میں ترقی یافتہ 12 افسران کو رینک لگانے کی پروقار تقریب، ڈی آئی جی ملک جمیل ظفر نے اہل خانہ سمیت افسران کو مبارکباد دی

اسلام آباد (کرائم رپورٹر )پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں نئے ترقی یاب 12افسران کو رینک لگانے کی پروقار تقریب کا انعقاد ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر نے اگلے عہد وں پر ترقی پانے والے افسران کو رینک لگائے۔ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر نے تقریب میں ترقی یاب ہونے والے افسران کے اہل خانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔آپکی محنت،لگن،بہادری، ہمت اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں۔یہ ایک مقدس محکمہ ہے اس محکمہ میں جو ذمہ داری ہے اسے ہر صورت پورا کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پراسلام آباد پولیس میں محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلہ میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں نئے ترقی یاب ہو نے والے 12افسران کو رینک لگانے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر اے آئی جی لوجسٹکس عبدالحق عمرانی ،ایس پی ہیڈکوارٹرز پری گل ترین،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نے ترقی پانے والے پولیس افسران کو رینک لگائے،انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر انہوں نے تقریب میں شامل پولیس افسران کے اہلخانہ کو خوش آمدید کہا اور انہیں بھی مبارکباد پیش کی۔ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ سب کے کاندھوں پر ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں ۔یہ آپ کی محنت اور کاوشوں کے صلہ ہے کہ اللہ تعالی نے آپ کو اس مقام پرپہنچایا ہے۔

اب آپ کو پہلے سے زیادہ ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔آپ ان عہدوں پر اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیتے ہوئے اپنے محکمہ کی نیک نامی کا باعث بنیں اور محکمہ پولیس کی ویلفیئر،شہریوں کوانصاف کی فراہمی کو اپنااولین شعار بناتے ہوئے آسانیاں پیدا کرنے کا باعث بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ آپ ہمیشہ کی طرح خوش اخلاقی، دلجمعی، نیک نیتی اور لوگوں کی مدد کے جذبے سے سرشار ہو کر فرائض منصبی سرانجام دیں گے.