اسلام آباد (کرائم رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ اور کرپشن کے خلاف مختلف شہروں میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کر لی ہیں، جن میں ایک ملزم کو سزائیں جبکہ دیگر کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں سپیشل کورٹ سنٹرل-II لاہور نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزم ذوالقرنین اسد کو چار مختلف مقدمات میں مجموعی طور پر طویل قید اور بھاری جرمانوں کی سزائیں سنا دیں۔ عدالت نے مقدمہ نمبر 177/2023 میں 15 سال قید بامشقت اور 17 لاکھ روپے جرمانہ، مقدمہ نمبر 269/2023 اور 240/2023 میں 15، 15 سال قید اور 10، 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ مقدمہ نمبر 244/2023 میں 15 سال قید اور 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ یہ فیصلہ ایف آئی اے کی مضبوط تفتیش اور شواہد کی بنیاد پر سنایا گیا۔
دوسری جانب ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم حازق ہارون میمن کو حیدرآباد کے علاقے سٹیزن کالونی سے گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم لڑکیوں کو دبئی بھجوا کر استحصال کا نشانہ بناتا تھا اور ورک ویزا کے نام پر دھوکہ دہی کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ادھر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے ایک اور کارروائی میں محکمہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) کے ایگزیکٹو آفیسر شیر احمد خان کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم گارڈن ٹاؤن لاہور میں تعینات تھا اور ایک شہری سے جائز کام کے عوض ایک لاکھ روپے رشوت وصول کر رہا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء کا کہنا ہے کہ جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جاتی رہیں گی۔

