جعلی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب، متعدد گرفتار

کراچی (بیورو رپورٹ )جعلی امیگریشن اسٹیمپس اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر دو مسافروں تیمور احمد اور سید امان کو جنوبی کوریا روانگی کے دوران مشکوک سفری دستاویزات پر آف لوڈ کر دیا ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دورانِ جانچ مسافروں کے موبائل فونز سے واٹس ایپ چیٹس اور مالی لین دین کے شواہد برآمد ہوئے جن سے جعلی دستاویزات اور غیر قانونی امیگریشن کی تصدیق ہوئی۔

تحقیقات کے دوران ایجنٹ آصف الرحمان سمیت اس کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے مسافر کا اصل پاسپورٹ اور جعلی امیگریشن اسٹیمپس برآمد ہوئے مزید کارروائی میں ملزم عمران کے ٹھکانے سے 44 پاسپورٹس جبکہ ملزم اسلم خان سے 61 پاسپورٹس اور بڑی تعداد میں جعلی امیگریشن اسٹیمپس برآمد کیے گئے تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان ایک منظم نیٹ ورک کے ذریعے جعلی سفری ریکارڈ تیار کر کے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث تھے ملزمان کے خلاف پریوینشن آف اسمگلنگ آف مائیگرنٹس ایکٹ 2018 اور دیگر قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔