ایف آئی اے کی بڑی کارروائیاں: جعلی دستاویزات اور منظم بھکاری گروہ بے نقاب، متعدد مسافر آف لوڈ

اسلام آباد (کرائم رپورٹر ) ایف آئی اے امیگریشن اور اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل نے دو مختلف کارروائیوں میں جعلی دستاویزات، مشکوک سفری ریکارڈ اور منظم بھکاری نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیاپشاور ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران فلائٹ نمبر FZ-376 کے ذریعے تنزانیہ جانے والے دو مسافروں حمزہ مختار اور محمد بدرالدین (سکنہ سیالکوٹ) کو روک لیا گیا۔ ابتدائی جانچ کے بعد دونوں کو مزید پروفائلنگ کے لیے ریفر کیا گیا .ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافر بزنس ویزہ پر سفر کر رہے تھے لیکن کسی قسم کی کاروباری دستاویزات پیش نہ کر سکے۔ دوران تفتیش ان کے قبضے سے الیکٹریشن ٹیکنیشن کے جعلی ڈپلومہ جات برآمد ہوئے جن پر مختلف اداروں کے جعلی اسٹیمپ اور دستخط موجود تھے۔ بعد ازاں دونوں ملزمان نے ایجنٹس کے ذریعے جعلی دستاویزات حاصل کرنے کا اعتراف کر لیا۔ دونوں کو آف لوڈ کرکے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور کے حوالے کر دیا گیا۔

دوسری جانب سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بھی بڑی کارروائی کے دوران سعودی عرب سے آنے والے 4 مسافروں کو روکا گیا، جن میں شاہنواز، شہزیہ بی بی، سونیا اور فرزانہ بی بی شامل ہیں۔ یہ تمام مسافر اسلام آباد کے رہائشی ہیں امیگریشن کے دوران مشکوک سفری ریکارڈ کی بنیاد پر نشاندہی کی گئی، جس کے بعد ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ یہ افراد منظم بھیک مانگنے کے نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔ ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ عمرہ ویزوں پر سعودی عرب گئے تھے اور انہیں ایجنٹ محمد صدیق اکبر نے بھیک منگوانے کے لیے بھیجا تھا، جس نے فی کس 2 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے ایف آئی اے کے مطابق بھیک مانگ کر حاصل کی گئی رقم سے سفری اخراجات ادا کیے گئے۔ تمام ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مرکزی ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے سعودی سفارتخانے سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق سعودی عرب میں منظم بھکاری نیٹ ورک کے خلاف کارروائی جاری ہے۔