ایف آئی اے کا ملک گیر کریک ڈاؤن، غیر قانونی گیس استعمال اور حوالہ/ہنڈی نیٹ ورک بے نقاب، حج آپریشن کی نگرانی بھی سخت

اسلام آباد(کرائم رپورٹر )ایف آئی اے کی ملک گیر کارروائیاں، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن اور حج آپریشن کی سخت نگرانی ایف آئی اے نے لاہور اور کراچی میں مختلف کارروائیوں کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے جبکہ حج آپریشن 2026 کی نگرانی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے لاہور میں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے ایس این جی پی ایل کی ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ پانی والا تالاب کے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کی جس کے دوران متعدد گھروں میں گیس کے غیر قانونی استعمال کا انکشاف ہوا۔ کارروائی میں 40 گھروں سے 2 گیس بائی پاسز برآمد ہوئے جبکہ انکشاف ہوا کہ بعض صارفین تقریباً 20 سال سے غیر قانونی طور پر گیس استعمال کر رہے تھے۔

اسی کارروائی کے دوران ایک گولڈ مولڈنگ ورکشاپ بھی بے نقاب ہوئی جہاں گھریلو گیس کنکشن کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، جبکہ نصب گیس میٹر ٹیمپرڈ پایا گیا جسے مزید جانچ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے دوسری جانب کراچی میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے بہار مسلم سوسائٹی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے حوالہ/ہنڈی اور غیر قانونی مالی لین دین میں ملوث ملزم محمد فہیم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 13 لاکھ روپے نقد، غیر ملکی کرنسی، چاندی اور موبائل فون برآمد ہوا جس میں آن لائن جوا اور حوالہ ہنڈی کے شواہد بھی موجود تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے غیر قانونی سرگرمیوں کا اعتراف کیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

ادھر حج آپریشن 2026 کے حوالے سے ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام نے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور امیگریشن سروسز کا جائزہ لیا۔ حکام نے ہدایت کی کہ عازمین حج کو بہترین اور تیز ترین سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ دوران ڈیوٹی کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ایف آئی اے کے مطابق ملک بھر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔