آر ڈی اے کا اوپن اسپیسز کو پارکس میں تبدیل کرنے پر غور، زمین کے استعمال میں تبدیلی ناممکن قرار

راولپنڈی (سٹی رپورٹر)آر ڈی اے نے اپنی سرکاری ہاؤسنگ سکیموں میں موجود کھلی جگہوں کو ترقی دینے سے متعلق ایک تجویز پر غور شروع کر دیا ہے، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ ان زمینوں کے استعمال میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ میڈم ملیحہ ایسر نے کی۔ اجلاس میں چیف پلانر طاہر میو، چیف انجینئر انور بران، ڈائریکٹر لینڈ ملک غزنفر اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ عبد الرحمن سلیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ خاور سلیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ علی رضا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول احمد حسن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ لطف اللہ نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ نے آر ڈی اے اسکیموں میں موجود کھلی جگہوں کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی اور ان کے مستقبل کے استعمال سے متعلق باقاعدہ تجاویز طلب کیں چیف پلانر طاہر میو نے کہا کہ کھلی جگہیں شہری زندگی کے لیے “پھیپھڑوں” کی حیثیت رکھتی ہیں اور قوانین کے مطابق ان کے استعمال میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا سکتی چیف انجینئر انور بران نے تجویز دی کہ ان کھلی جگہوں کو عوامی پارکس میں تبدیل کیا جائے تاکہ غیر قانونی قبضے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آر ڈی اے نے ان جگہوں اور دیگر خالی پلاٹس کے استعمال پر تھرڈ پارٹی اسٹڈی شروع کر دی ہے۔

ڈائریکٹر لینڈ ملک غزنفر اعوان نے مشترکہ سائٹ وزٹ کی تجویز دی جس پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ نے تمام سینئر افسران کو مشترکہ معائنہ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔