لائف سٹائل ریزیڈمنشیا سکینڈل متاثرین اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار طاہر محمود کے خلاف غیرقانونی فائلیں فروخت کرنے کے الزام پر احتجاج

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ) دی لائف ریزیڈینشیا ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین نے نیب آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر سردار طاہر اور سوسائٹی کے مالک مہر سرفراز سیال کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے کروڑوں روپے مالیت کی فائلیں فروخت کر کے شہریوں سے بڑی رقم وصول کی لیکن موقع پر نہ زمین موجود ہے اور نہ ہی سوسائٹی کا کوئی قانونی اسٹیٹس واضح ہے مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نیب سے انصاف فراہم کرنے اور رقم واپس دلانے کے مطالبات درج تھے۔

متاثرین کا کہنا تھا کہ سردار طاہر نے ون ون مارکیٹ کے ذریعے دی لائف ریزیڈینشیا کی فائلیں فروخت کیں جبکہ مہر سرفراز سیال کے ساتھ مل کر تقریباً 800 فائلیں شہریوں کو بیچی گئیں احتجاج کرنے والوں کے مطابق سوسائٹی کے پاس نہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے این او سی موجود ہے اور نہ ہی کسی قسم کی باقاعدہ منظوری حاصل کی گئی۔ متاثرین نے دعویٰ کیا کہ انہیں مختلف نقشے اور ترقیاتی منصوبے دکھا کر سرمایہ کاری پر آمادہ کیا گیا لیکن حقیقت میں وہاں صرف ایک مین گیٹ کے علاوہ کوئی ترقیاتی کام موجود نہیں۔

ایک متاثرہ شہری نے بتایا کہ انہوں نے زندگی بھر کی جمع پونجی اپنا گھر بنانے کے لیے اس منصوبے میں لگائی مگر آج تک زمین کا کوئی ٹکڑا نہیں ملا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ سوسائٹی اسلام آباد میں واقع ہے یا فتح جنگ کے علاقے میں احتجاج کے دوران متاثرین نے مزید الزام لگایا کہ سردار طاہر اس وقت فیصل ٹاؤن فیز ٹو میں بھی ون ون مارکیٹ کے نام سے بیرون ملک پاکستانیوں سے کروڑوں روپے وصول کر رہے ہیں۔ مظاہرین کے مطابق فیصل ٹاؤن فیز ٹو میں بھی مبینہ طور پر چوہدری مجید کے ساتھ مل کر فائلوں کی فروخت جاری ہے اور نیب کو اس معاملے کا بھی نوٹس لینا چاہیے.