اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت اور وزیراعظم نے کارگل جنگ کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے، اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی لازوال قربانی ہمیشہ زندہ رہے گی، پاکستان کے شہداء ہمارا قومی سرمایہ ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کی مقروض ہے، انہی قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، کرنل شیرخان شہید نشانِ حیدر کی برسی پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا، شہباز شریف نے کہا کہ کرنل شیرخان شہید کی لازوال قربانی پاکستان کی عسکری تاریخ کا درخشاں باب ہے، یہ قربانی مادرِ وطن سے وفاداری اور شجاعت کی اعلیٰ ترین روایات کامنہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی یہ عظیم قربانی یاد دلاتی ہے کہ ہماری آزادی اور خود مختاری ہمارے شہداء کے مقدس خون کی مرہونِ منت ہے، بیرونی یا اندرونی خطرے کے خلاف اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

