لاہور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب پر دوسروں کا حق کھانے کے الزامات درست نہیں، صوبے نے اپنے حصے میں سے بھی دیگر علاقوں کو وسائل فراہم کیے ہیں۔
ملتان میں گرین الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی ترقی اور صوبائی حکومت کے اقدامات پر تنقید کی جارہی ہے ، انہوں نے سرکاری طیارے کے استعمال پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کہا کہ تقریباً 9 ارب روپے مالیت کا طیارہ وزیراعلیٰ کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ سرکاری اثاثہ ہے اور وہ اسے اپنے گھر نہیں لے کر جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب کے دوران وہ متاثرہ علاقوں میں کشتی کے ذریعے بھی پہنچی تھیں۔ ان کے مطابق ہر صوبے کے وزیراعلیٰ کے پاس سرکاری طیارے کی سہولت موجود ہے، تاہم تنقید کا مرکز صرف انہیں بنایا جاتا ہے ، مریم نواز نے بتایا کہ ان کی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال کی مد میں تقریباً پونے 3 کروڑ روپے انہوں نے ذاتی طور پر ادا کیے۔
انہوں نے خیبر پختونخوا سے پنجاب آنے والے افراد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چند لوگ پنجاب میں احتجاج اور سیاسی سرگرمی کے لیے آئے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا مبینہ طور پر پولیس کی گاڑی میں سوار ہوئے۔ مریم نواز کے مطابق اس دورے سے متعلق ان کی توقعات پوری نہیں ہوسکیں۔
الیکٹرک بس سروس کا کرایہ 20 روپے مقرر :
وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان میں شروع کی جانے والی الیکٹرک بس سروس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عام مسافروں کے لیے کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خواتین، طلبہ و طالبات، خصوصی افراد اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو مفت سفر کی سہولت حاصل ہوگی ، مریم نواز نے کہا کہ گرین بس سروس کو پنجاب کے مختلف علاقوں تک توسیع دی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور کم لاگت سفری سہولت میسر آسکے۔
انہوں نے بتایا کہ ملتان کے تمام روٹس پر گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی ، خصوصی افراد کے لیے بسوں میں وہیل چیئر اور ریمپ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جبکہ خواتین کے تحفظ کے لیے بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں رہنے والا ہر شہری حکومت کی ذمہ داری ہے اور ان کی حکومت میں عوام کو بسوں کی چھتوں پر سفر کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ملتان میں کینسر کے علاج کی جدید مشین کا افتتاح :
مریم نواز شریف نے بتایا کہ لاہور کے میو ہسپتال میں کینسر کے علاج کے لیے جدید مشین چین سے منگوائی گئی تھی، جبکہ اسی نوعیت کی دوسری مشین کا ملتان میں افتتاح کیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ نئی مشین کے ذریعے دو خواتین کا علاج کیا جاچکا ہے اور انہوں نے ان مریضوں سے ملاقات بھی کی ، وزیراعلیٰ کے مطابق مذکورہ مشین کے ذریعے علاج کا عمل تقریباً 45 منٹ میں مکمل ہوا۔

