Shehbaz Sharif Says AJK Issues Will Be Resolved Through Constitutional Process Capitalnewspoint.com

آزاد کشمیر کے مسائل باہمی تعاون اور آئینی طریقہ کار سے حل ہوں گے . شہباز شریف

مظفرآباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعظم پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کونسل کے چیئرمین شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی اب وجود میں آچکی ہے، اس لیے ریاست کے مسائل باہمی تعاون، مشاورت اور آئینی طریقہ کار کے تحت حل کیے جائیں گے۔

مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کونسل کے نومنتخب ارکان کی حلف برداری کی تقریب ہوئی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے نئے ارکان سے حلف لیا۔ تقریب میں صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی، وفاقی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ، وزیراعظم نے نومنتخب کونسل ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔

کشمیر کونسل وفاق اور آزاد کشمیر کے درمیان پل ہے :

شہباز شریف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کونسل وفاقی حکومت اور آزاد کشمیر کے درمیان رابطے اور تعاون کا اہم ذریعہ ہے۔ ان کے بقول وہ بحیثیت چیئرمین اس رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل اور ریاست کی خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

حالیہ واقعات اور حکومتی مؤقف :

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران آزاد کشمیر میں بعض افسوسناک واقعات پیش آئے، جن کے بعد حکومت نے احتجاج کرنے والے عناصر کو بات چیت اور سمجھانے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے وجود میں آنے کے بعد قانون سازی کا عمل منتخب ایوان کے ذریعے آگے بڑھے گا اور اسمبلی کے فیصلوں کا احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو محاذ آرائی کے بجائے باہمی تعاون اور مشاورت سے حل کرنا چاہیے ، وزیراعظم نے مزید کہا کہ ریاستی معاملات میں آئین اور قانون کی پاسداری ضروری ہے اور موجودہ صورتحال میں قانونی و آئینی تقاضوں کے مطابق اقدامات کیے گئے۔

افواج پاکستان کے کردار کا ذکر :

وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے حالیہ معرکے میں ملک کے دفاع کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور آزاد کشمیر کی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانا حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے۔