IG Islamabad Sohail Choudhary capitalnewspoint

کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور آئی جی اسلام آباد چارج سنبھال لیا

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ، سنٹرل پولیس آفس آمد پر پولیس افسران اور جوانوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی بھی پیش کی۔

سنٹرل پولیس آفس میں کمان کی تبدیلی کے حوالے سے پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے بعد نئے آئی جی اسلام آباد نے مختلف پولیس افسران سے تعارفی ملاقاتیں کیں ، اس موقع پر انہیں اسلام آباد پولیس کے پیشہ ورانہ امور، امن و امان کی صورتحال اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے سنٹرل پولیس آفس کے اسٹاف سے بھی ملاقات کی اور پولیس کے انتظامی و پیشہ ورانہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا ، نئے آئی جی اسلام آباد نے یادگارِ شہداء پر حاضری دے کر پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

اس موقع پر کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے اپنی ترجیحات واضح کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ، شہریوں کو بروقت، مؤثر اور بہتر پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لانے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے پولیسنگ کے نظام کو مضبوط بنایا جائے گا ، اسلام آباد میں ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کی بہتری بھی ترجیحات میں شامل ہے ، انہوں نے پولیس افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ کریں تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہو۔

کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں احتساب اور نظم و ضبط کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور فورس کے پیشہ ورانہ معیار کو بلند کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اسلام آباد پولیس ان کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے شہریوں کے تحفظ، امن کے قیام اور قانون کی عملداری کے لیے پوری ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دے گی۔