اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اڈیالہ جیل میں بجلی کی بندش کے باعث ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا، جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کردی گئی۔
انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کی آمد کے موقع پر مبینہ طور پر روٹ توڑنے اور لوگوں میں اشتعال پیدا کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی ، پراسیکیوٹر راجا نوید جبکہ ملزمان کے مرکزی وکلا کے جونیئر وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
فرد جرم کی کارروائی سے قبل وکلا کی استدعا :
سماعت کے دوران جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مرکزی وکلا اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، اس لیے استدعا کی گئی کہ چالان کی نقول فراہم کرکے آئندہ تاریخ مقرر کی جائے ، جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ چالان کی نقول پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہیں اور آج عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنا ہے۔
جونیئر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کو ان کے وکلا سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ وکالت ناموں پر دستخط ہوچکے ہیں اور عدالت کی کارروائی کو اس طرح منظم کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عدالت نے مرکزی وکلا کو ساڑھے 11 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی۔
بجلی کی بندش سے ویڈیو لنک پیشی نہ ہوسکی :
عدالت نے سماعت میں ساڑھے 11 بجے تک وقفہ کیا، تاہم اڈیالہ جیل میں بجلی کی بندش کے باعث ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا ، ملزمان کی عدم پیشی کے باعث عدالت فرد جرم عائد نہ کرسکی اور کارروائی مؤخر کردی گئی۔
جیل حکام کو آئندہ پیشی یقینی بنانے کی ہدایت :
جج طاہر عباس سپرا نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر دونوں ملزمان کی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں حاضری یقینی بنائی جائے ، عدالت نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ ملزمان کو پیش نہ کیا گیا تو متعلقہ جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جاسکتی ہے ، عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ان کے وکلا سے ملاقات یقینی بنائی جائے۔
عدالت نے کیس کی سماعت اگلے روز تک ملتوی کردی، جبکہ دونوں ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی آئندہ سماعت پر متوقع ہے ، ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متعلقہ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں درج ہے۔

