ccp capitalnewspoint.com

فاطمہ فرٹیلائزر، ایگری ٹیک شیئرز ڈیل کی سی سی پی سے منظوری

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ ) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے فیز ون کمپٹیشن جائزے کے بعد فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے ایگری ٹیک لمیٹڈ کے شیئرز کے حصول کے ٹرانزیکشن کی منظوری دے دی ہے۔

یہ شیئرز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے 2023ء اور 2024ء میں دو مراحل میں حاصل کیے گئے۔ سی سی پی نے دونوں ٹرانزیکشنز کے ذریعے حاصل کی گئی مجموعی شیئر ہولڈنگ کا جائزہ لیا۔

کمیشن نے یوریا اور ایس ایس پی کو متعلقہ پراڈکٹ مارکیٹس اور پاکستان کو متعلقہ جغرافیائی مارکیٹ قرار دیا۔ جائزے میں یوریا مارکیٹ میں دونوں کمپنیوں کے کاروبار میں افقی اشتراک سامنے آیا، جبکہ ایس ایس پی میں فاطمہ فرٹیلائزر کا کوئی مارکیٹ شیئر نہیں تھا۔

جائزے کے دوران فاطمہ فرٹیلائزر نے کمیشن کو بتایا کہ وہ ایگری ٹیک میں اپنی مکمل شیئر ہولڈنگ فروخت کر چکی ہے اور کمپنی کا کنٹرول حاصل کرنے کا مزید کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

سی سی پی نے قرار دیا کہ ٹرانزیکشن سے کمپٹیشن میں نمایاں کمی، مارکیٹ میں داخلے کی رکاوٹیں یا بالادست پوزیشن قائم یا مضبوط ہونے کا خدشہ نہیں۔ چنانچہ کمیشن نے کمپٹیشن ایکٹ 2010ء کے تحت ٹرانزیکشن کی منظوری دے دی۔