اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ): اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں خیبرپختونخوا کی صورتحال، حکومت کے ساتھ مذاکرات اور دیگر پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن وفد مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچا، جہاں علامہ راجہ ناصر عباس، اسد قیصر، اخوندزادہ حسین اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ جے یو آئی (ف) کی جانب سے مولانا فضل الرحمان، سینیٹر کامران مرتضیٰ سمیت دیگر رہنماؤں نے ملاقات میں شرکت کی۔
آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت :
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران اپوزیشن وفد نے مولانا فضل الرحمان کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کو حکومت کے ساتھ ہونے والی حالیہ مذاکراتی پیش رفت سے آگاہ کیا اور بات چیت کے حوالے سے اپوزیشن کے مؤقف پر بھی مشاورت کی۔
خیبرپختونخوا اور پارلیمانی معاملات زیر بحث :
ملاقات میں خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومت کے ساتھ مذاکرات اور دیگر اہم پارلیمانی معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں نے آئندہ کے لائحہ عمل اور باہمی رابطوں سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ، ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے مختلف ادوار کے بعد سیاسی رابطوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت جاری ہے۔

