ایم ٹی آنر 25 کے مزید 3 پاکستانی کریو ارکان آج کراچی پہنچیں گے . اسحاق ڈار

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ ایم ٹی آنر 25 کے مزید تین پاکستانی کریو ارکان آج ادیس ابابا سے کراچی پہنچیں گے ، اسحاق ڈار کے مطابق عمران علی، حسین یوسف اور محمد یاسین وطن واپسی کے بعد اپنے اہلخانہ سے ملاقات کریں گے ، انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سفیر نے تینوں کریو ارکان سے ملاقات کرکے انہیں ضروری سہولیات فراہم کیں۔

پاکستانی کریو ارکان کی محفوظ واپسی کے لیے اقدامات :

نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ایم ٹی آنر 25 کے پاکستانی کریو ارکان کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس حوالے سے مسلسل کوششیں کی گئیں ، اسحاق ڈار نے پاکستانی کریو ارکان کی وطن واپسی میں تعاون کرنے والے تمام افراد اور اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت :

نائب وزیراعظم نے ایم ٹی آنر 25 کے حادثے میں تین پاکستانی کریو ارکان کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومین کے لیے مغفرت اور ان کے اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان سمندری راستوں اور بحری کارکنوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے عالمی سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحری قزاقی کے خلاف بھی عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔