کراچی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے پر دن رات کام کرنے کا حکم دے دیا ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن کمال دایو، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بہزاد میمن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی کے مختلف تعمیراتی کاموں، پیش رفت اور منصوبے کے اہم حصوں کا جائزہ لیا گیا، متعلقہ حکام نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو منصوبے پر جاری کام اور مختلف تعمیراتی پیکیجز کے حوالے سے بریفنگ دی ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منصوبے کے تمام متعلقہ کاموں کو باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھایا جائے، یلو لائن بی آر ٹی کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک اہم منصوبہ ہے۔
سینئر وزیر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کو دن رات جاری رکھا جائے تاکہ جدید سفری سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ جلد مکمل ہو، تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر جاری کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام میں تیزی سے پیش رفت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے اہم حصے ڈیپوز کے تعمیراتی کام کو بھی ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے، منصوبے کے ہر حصے کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے، تعمیراتی کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ معیار کو بھی یقینی بنایا جائے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں جدید اور مربوط ماس ٹرانزٹ نظام کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، یلو لائن بی آر ٹی سندھ حکومت کے جامع ٹرانسپورٹ وژن کا حصہ ہے ، انہوں نے کہا کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور سفری ضروریات کے پیش نظر جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام ناگزیر ہے، حکومت سندھ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

