کراچی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ)سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے پاپوش نگر میں پاک ونڈر گراؤنڈ کا افتتاح، نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیاں فراہم کرنے اور فٹ بال کے فروغ کے لیے ٹورنامنٹ کا بھی آغاز کردیا ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر نوجوانوں کے لیے کھیل کے میدان موجود نہیں، اقتدار میں رہنے والوں نے پارکوں کی جگہوں پر چائنا کٹنگ کی ہے، تاہم چائنا کٹنگ کرنے والوں کو قوم مسترد کرچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر آئی، لیکن اسٹیبلشمنٹ نے جماعت اسلامی کے میئر کو آنے نہیں دیا ، امیر جامعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود جماعت اسلامی محدود وسائل میں رونا دھونا کرنے کے بجائے اپنے اختیارات اور وسائل سے بڑھ کر کام کر رہی ہے، انہوں نے ٹاؤن چیئرمین ناظم آباد سید محمد مظفر اور ان کی ٹیم کو گراؤنڈ آباد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ناظم آباد ٹاؤن کے تحت جمال الدین افغانی سکول کو بھی تزئین و آرائش کے بعد بحال کیا گیا، ملک بھر میں منشیات کھلے عام فروخت ہورہی ہیں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ کھیلوں کے میدانوں میں بھی منشیات کا پھیلاؤ تشویش ناک ہے ، اُن کا کہنا تھا کہ لڑکوں کے ساتھ لڑکیوں کو بھی منشیات کی لعنت میں مبتلا کیا جا رہا ہے، علاقے کے تھانے کی ملی بھگت کے بغیر منشیات کا اڈا چلانا ممکن نہیں۔
امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی نے کہا کہ ریڈ، ییلو اور گرین لائن کے نام پر کراچی کی سڑکیں کھود کر رکھ دی گئیں، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کی جائیں تو یہی نوجوان کھیل اور تعلیم کے میدان میں ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں، نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ بہترین کھلاڑی بنانے کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے بتایا کہ پاک ونڈر گراؤنڈ میں فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز کیا جارہا ہے، جس میں شہر کی 16 بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 50 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا، محسن یوسف زئی فٹ بال کی دنیا کا بڑا نام ہیں اور پاکستان میں کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں فٹ بال کی بہترین ٹیم بنانے کے خواہش مند الخدمت سے رابطہ کریں، انہیں فٹ بال کٹس بھی فراہم کی جائیں گی، کھلاڑی گراؤنڈز کی بحالی کے لیے تحریک چلائیں، جماعت اسلامی انہیں فٹ بال کٹس اور دیگر وسائل فراہم کرے گی۔

