واہ کینٹ میں ونٹر لائٹ فیملی فیسٹیول کا انعقاد، 50 اسٹالز شہریوں کی توجہ کا مرکز

راولپنڈی(کیپیٹل نیوز پوائنٹ) خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی کاروباری و تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ونٹر لائٹ فیملی فیسٹیول ایپی سوڈ 7 کا انعقاد سر سید اسکول اینڈ کالجز، کیمپس 4، واہ کینٹ میں کیا گیا، جس میں شہریوں اور خاندانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، دو روزہ فیسٹیول میں مجموعی طور پر 50 اسٹالز لگائے گئے، جن پر کھانے پینے کی اشیاء، جیولری، ہوم ڈیکور، ملبوسات، آرٹس اینڈ کرافٹس سمیت مختلف مصنوعات پیش کی گئیں۔

فیسٹیول میں بچوں کے لیے تفریحی جھولوں اور دیگر سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ، اس موقع پر شہریوں نے فیسٹیول میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف اسٹالز کا دورہ کیا ، شرکاء نے اس تقریب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

تقریب کا مقصد خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنا، ان کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور مقامی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا، ونٹر لائٹ فیملی فیسٹیول کا انعقاد میڈیا آرٹس نیوز کے زیر اہتمام کیا گیا۔