اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) خیبرپختونخوا میں 3 ایم پی او کے تحت حراستوں کے خلاف کیس میں سردار اختر مینگل اور سینیٹر راجہ ناصر عباس نے وفاقی آئینی عدالت میں فریق بننے کی متفرق درخواستیں دائر کر دیں ، دونوں رہنماؤں کی جانب سے الگ الگ درخواستیں دائر کی گئی ہیں، جن میں وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر 2026ء کے حکم نامے میں ترمیم اور اسے واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں مقدمے میں فریق بنایا جائے اور دلائل دینے سمیت تحریری معروضات جمع کرانے کی اجازت دی جائے ، درخواستوں کے مطابق صدر مملکت نے 11 اکتوبر 2026ء کو آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا، جسے پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا کہ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت اور کارکنوں کے خلاف 3 ایم پی او کے تحت چھاپے مارے، جس کے بعد گرفتار اور متاثرہ افراد نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ، پشاور ہائیکورٹ نے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت حکم امتناع جاری کرتے ہوئے رہائی کے احکامات دیے، تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے ان احکامات کے خلاف ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت میں اپیلیں دائر کر دیں۔
درخواستوں کے مطابق چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ نے 5 نومبر 2026ء کو اپیلوں پر سماعت کی تھی ، وفاقی آئینی عدالت نے اپنے حکم میں 12 اکتوبر 2026ء یا اس کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر درخواستوں کی کارروائی معطل کر دی تھی۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کے حکم پر پشاور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی نے 6 نومبر کو تمام درخواستیں سماعت کے لیے مقرر نہ کرنے کی ہدایت کی، جبکہ گورنر راج کے خلاف پٹیشن بھی کاز لسٹ سے نکال دی گئی ، درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 5 نومبر کے حکم سے درخواست گزاروں اور خیبرپختونخوا کے عوام کے آئینی حقوق براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔
موجودہ پٹیشن ایم پی او کے تحت حراست سے متعلق نہیں بلکہ گورنر راج کی آئینی حیثیت کو براہ راست چیلنج کرتی ہے ، درخواست گزاروں کے مطابق آئین کے آرٹیکل 245 کو ہائیکورٹ کا اختیار سماعت ختم کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، جبکہ یہ جائزہ لینے کا اختیار بھی برقرار رہنا چاہیے کہ آرٹیکل 245 کے نفاذ کی پیشگی شرائط موجود تھیں یا نہیں ، درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ انہیں فریق نہ بنایا گیا تو یہ آئین کے آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی اور ناقابل تلافی نقصان کا باعث ہوگا۔

