لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں تین روزہ 10 ویں پاکستان صنعتی نمائش 2026 اختتام پذیر ہوگئی، اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے خصوصی شرکت کی۔
ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو پرائیویٹ لمیٹڈ اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے لاہور کیمپس کے باہمی اشتراک سے منعقدہ نمائش میں 150 سے زائد ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے سٹالز لگائے، صوبائی وزیر نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور وہاں رکھی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ایسی نمائشیں صنعتی، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہیں، گزشتہ اڑھائی سال میں پنجاب میں صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تاریخ ساز اقدامات کیے گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں برسوں سے جاری رئیل اسٹیٹ کا کاروبار ہمیشہ کے لیے بند کرا دیا گیا ہے، اب حاصل کیے گئے پلاٹوں پر تیزی سے صنعتی یونٹس لگائے جا رہے ہیں۔
صنعتکاری کا عمل تیز کرنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب نے نئی صنعتی پالیسی دی ہے، جس کے تحت انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹس لگانے کے لیے 30 سے 50 سال تک کی لیز پر بھی پلاٹ حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی جاری ہے جبکہ برآمدات کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے ایک اور بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے، اس پروگرام کے تحت لارج سکیل انڈسٹری کے فروغ کے لیے ایک ارب روپے تک آسان قرض اور 10 کروڑ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔
چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کو سولر انرجی پر منتقل کیا جا رہا ہے، جتنی سرمایہ کاری آئے گی اتنے ہی روزگار کے مواقع بڑھیں گے، پنجاب میں الیکٹرک بائیکس اور لیتھیئم بیٹریوں کے کارخانے بھی لگ رہے ہیں ، عام آدمی کی سواری موٹر بائیک کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت الیکٹرک بائیک میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جبکہ بڑی عمارات اور پلازوں کے باہر چارجنگ سٹیشنز لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کرپشن کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ جہاں بھی کرپشن ہو اس کی نشاندہی ہونی چاہیے اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، چین میں احتساب کا کڑا عمل موجود ہے، اسی لیے وہ تیزی سے ترقی کر گیا ، ترقیاتی سکیموں کی پائیدار تکمیل کے لیے ٹھیکیداروں سے کمیشن کی وصولی ختم ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ترقی کے بڑے دعوے کیے لیکن ایک بڑا ہسپتال نہ بنا سکی، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں موجودہ حکومت نے گزشتہ اڑھائی سال میں دو بڑے ہسپتال بنا دیے ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے سب ایک پیج پر ہیں، سیاست دانوں کو غلط فہمیاں دور کرکے ملکی ترقی کے لیے مل بیٹھ کر کام کرنا چاہیے ، اس موقع پر ایوریسٹ انٹرنیشنل ایکسپو پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او فا ویگان، ڈی جی ایم ذیشان ہاشمی اور دیگر بھی موجود تھے۔

