Murad ali shah Capitalnewspoint.com

موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری متحد ہو، مراد علی شاہ کا COP31 کانفرنس سے خطاب

انطالیہ(کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان سمیت عالمی برادری کو متحد ہوکر مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے ، انطالیہ میں کوپ 31 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی نہ صرف انسانی زندگیوں بلکہ ملکی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی خطرات کا سامنا کرنے والے ممالک میں شامل ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ملکوں میں اس کا شمار ہوتا ہے، وزیر سندھ کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب کے نتیجے میں پاکستان کی لاکھوں افراد پر مشتمل آبادی متاثر ہوئی، جبکہ سندھ میں سیلاب سے گھروں، کھیتوں اور اسکولوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث معیشت کو پہنچنے والے نقصان اور قدرتی آفات کے بڑھتے ہوئے خطرات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ان کے اثرات سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے صرف قومی سطح پر کوششیں کافی نہیں بلکہ عالمی برادری کو بھی مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

اُنہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور ماحول دوست اقدامات کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر گرین انیشی ایٹو پروگرام شروع کیا ہے، قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لیے بروقت منصوبہ بندی اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے لیے لاکھوں گھر تعمیر کیے گئے ہیں، متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے امدادی رقوم براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اپنے تجربات دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار ہے، سندھ کی ساحلی پٹی پر مینگروز کے جنگلات کا پھیلاؤ عالمی سطح پر ایک قابلِ تقلید مثال ہے ،انہوں نے کہا کہ موسمیاتی ناانصافی کا سب سے بڑا بوجھ ترقی پذیر ممالک برداشت کر رہے ہیں، حالانکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا شجرکاری مہم کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ حکومت صاف اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے، متاثرہ آبادی کی بحالی اور مستقبل میں قدرتی آفات کے نقصانات کم کرنے کے لیے مربوط اور مشترکہ کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔