Tariq Fazal Choudhry Capitalnewspoint.com

دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلبگار ہیں. وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے جیل سے چیف جسٹس صاحبان کو لکھا گیا خط حقائق کے منافی ہے، درحقیقت یہ خط این آر او کی درخواست ہے ، دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلبگار ہیں۔

پارلیمنٹ چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف صرف عدالتوں سے ہی مل سکتا ہے، وہ سیاسی انتقام کی وجہ سے جیل میں نہیں بلکہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد قید ہیں ، ان کے بقول یہ کیس واضح اور ٹھوس شواہد پر مبنی ہے۔

وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ 190 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں جمع ہونے تھے، تاہم یہ رقم ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی، ان کا دعویٰ تھا کہ اس رقم کے بدلے ملک ریاض نے بانی پی ٹی آئی کو ساڑھے چار سو کنال زمین تحفے میں دی۔

طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کے خط میں جیل کے اندر طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ 22 گھنٹے قیدِ تنہائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی عدم دستیابی کے دعوے بھی درست نہیں، ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی پسند کا کھانا بھی دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں، جبکہ ان کی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے بھی درست نہیںم طارق فضل چوہدری کے مطابق طبی ماہرین ہفتہ وار بنیاد پر ان کی صحت کا جائزہ لیتے اور معائنہ کرتے ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر انہیں جیل سے باہر بہترین طبی سہولتوں کے لیے بھی لے جایا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو آٹھ مرتبہ پمز میں بہترین طبی سہولتوں کے ساتھ معائنے کے لیے دکھایا گیا اور ڈاکٹروں نے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا، ان کے مطابق بلڈ پریشر کے معائنے کے لیے لندن سے ایسے ڈاکٹر کو بھی بلایا گیا جو پاکستان میں بھی پریکٹس کرتے ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر بھی تسلی بخش ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولتوں، طبی دیکھ بھال اور صحت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت نے ان کی دیکھ بھال میں پہلے کوئی غفلت برتی ہے اور نہ ہی آئندہ کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔