اسلام آباد پولیس کے شہیدسب انسپکٹر حیدر علی شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کر دی گئی۔شہید حیدر علی شاہ کو گزشتہ روز نا معلوم ملزمان نے شدید فائرنگ کرکے زخمی کر دیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے ،نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ،آئی جی اسلام آباد ،سینئر پولیس افسران اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران وجوانوں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے شہیدسب انسپکٹر حیدر علی شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کر دی گئی،نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی ،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی سمیت اسلام آباد پولیس ،پنجاب پولیس ،فرنٹیئر کانسٹیبلری اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں نے شرکت کی، اسلام آباد پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی،وزیر داخلہ نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورپورے سرکاری اعزاز کے ساتھ انکی میت تدفین کے لئے ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا
،وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد نے شہید کے لواحقین کے ساتھ ملاقات کی ،پولیس فورس کی طرف سے اظہار افسوس کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی، گزشتہ روز سب انسپکٹر حیدر علی شاہ کو نامعلوم ملزمان نے شدید فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جاملے،شہید سب انسپکٹر اسلام آباد پولیس کے مختلف ڈویژنز اور یونٹس میں تعینات رہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف برسر پیکار رہے،حال ہی میںآپ شعبہ تفتیش سے منسلک ہوئے تھے اور اپنے فرائض منصبی سر انجام دے رہے تھے ،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ہم وردی پہنتے ہیں اور شہادت کے جذبے سے سرشار ہوتے ہیںایسی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے فرض کی ادائیگی میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں،پولیس فورس کا مورال بلند ہے اور ہم سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کرکے ہی دم لیں گے ،قبل ازیںاسلام آباد پولیس کے 64پولیس افسران اپنی پیشہ وارانہ خدمات کی انجام دہی کے دوران ملک وقوم اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے جام شہادت نوش کر چکے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کا ہر افسرملک وقوم کی خاطر ہمہ وقت جان نثار کرنے کو تیار ہے ۔