وزیرِ اعظم کی موسمیاتی تبدیلی کی معاون رومینہ خورشید عالم سے جنوبی سوڈان کے پارلیمانی وفد کی ملاقات۔

اسلام آ باد(نیوز رپورٹر) وزیرِ اعظم کی موسمیاتی تبدیلی کی معاون رومینہ خورشید عالم سے جنوبی سوڈان کے پارلیمانی وفد کی ملاقات . یہ ملاقات ایس ڈی جیز سیکریٹریٹ میں ہوئی، جس میں وفد کی قیادت نائب اسپیکر نیتھانیل اویٹ پییرینو نے کی ،وزیر اعظم کی موسمیاتی تبدیلی کی معاون رومینہ خورشید عالم نے جنوبی سوڈان کے پارلیمانی وفد کو پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے بارے میں بریفنگ دی۔ رومینہ خورشید نے وفد کو بتایا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے، جو 2015 میں اقوام متحدہ کی جانب سے وضع کیے گئے، 17 عالمی مقاصد ہیں، جن کا مقصد دنیا میں پائیدار، منصفانہ اور پرامن ترقی کو فروغ دینا ہے۔

رومینہ خورشید نے ان اہداف کی اہمیت پر زور دیتے ھوئے کہا کہ یہ صرف پائیدار ترقی کے حصول کے بارے میں نہیں ہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کے بارے میں ہیں کہ تمام ممالک، چاہے ان کا سائز یا معاشی حیثیت کچھ بھی ہو، کے پاس اپنے عوام کی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے ذرائع ہونے چاھیں انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر فوری اور مشترکہ کارروائی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ موسمیاتی خطرات کو کم کرنے کے لیے عالمی برادری کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔

رومینہ خورشید نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی سوڈان دونوں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے انتہائی حساس ہیں اور دونوں ممالک پانی کی کمی، شدید موسمی حالات، زرعی مسائل اور حیاتیاتی تنوع کے نقصان جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جنوبی سوڈان کے نائب اسپیکر نیتھانیل اویٹ پییرینو نے موسمیاتی کارروائی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک عالمی تجربات سے سیکھنے کا خواہش مند ہے رومینہ خورشید عالم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے چیلنجز سے نمٹنے میں اپنے عالمی شراکت داروں کی مکمل حمایت پر یقین رکھتا ھے .