اسلام آباد (نیوز رپورٹر)پاکستان گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک شفاء اللہ اعوان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر کی قومی شاہراہوں کی بندش کو قومی جرم قرار دیا جائے اورشاہراہیں بند کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کرکے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے،چھ کینالز کے فیصلے کیخلاف جاری دھرنا فوری طور پر ختم کروایا جائے،دھرنے میں شہید ہونے والے تین ڈرائیورز کے اہل خانہ کو فوری طور پر ایک کروڑ روپے فی کس کے حساب سے ادا کئے جائیں،وزارت شپنگ کے ذریعے تمام شپنگ کمپنیوں کو پابند کیا جائے کہ ڈیمرجز چارجز وصول نہ کئے جائیں،دھرنے کے باعث رکی ہوئی چالیس ہزار گاڑیوں کونقصان کی مد میں پندرہ ہزار روپے یومیہ فی گاڑی ادا کئے جائیں،دھرنے کے باعث ہونے والے نقصان کے تمام کلیم حکومت ادا کرے،ملک بھر میں ہر تین ماہ بعد ٹول ٹیکس میں اضافہ واپس لیا جائے.
ملک بھر میں تمام مال بردار گاڑیوں کو ٹول ٹیکس میں پچاس فیصد چھوٹ دی جائے،پورے ملک میں یکساں ایکسل لوڈمینجمنٹ کا نفاذ یقینی بنایا جائے،ملک شفا ء اللہ اعوان نے ان خیالات کا اظہار ملک بھر سے آئے ہوئے گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کی تنظمیوں کے عہدیداروں کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،ان کا مزید کہنا تھا کہ چھ کینالز کے فیصلے کیخلاف ہونے والے دھرنے کی وجہ سے کراچی پورٹ، قاسم پورٹ اور کراچی میں موجود سینکڑوں گوداموں اور لوکل انڈسٹری سے سینکڑوں مال بردار گاڑیاں خام مال، امپورٹڈ کیمیکلز،مشینری، پیٹرول و ڈیزل،کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر سامان لیکر نکلنے والی ہزاروں گاڑیاں سندھ کے مختلف شہروں میں بزور طاقت روک دی گئی ہیں،اسی طرح ملک کے دیگر صوبوں پنجاب،خیبر پختونخوا اور بلوچستان سےایکسپورٹ کا سامان، قربانی کے جانوراورسبزیوںسے بھرےسینکٹروں ٹرالرزپچاس سے زائد ڈگری ٹمپریچر میں گزشتہ بارہ دن سے سندھ کی شاہراہوں پر بے یارو مددگار کھڑے ہیں،ملک کا معاشی نظام تباہ ہو چکا ہے،ملک کی کاروباری برادری کا کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے،چالیس ہزار سے زائد پھنسے ہوئےٹرالرز میں اربوں روپے کا سامان لدا ہوا ہے جو خراب ہو رہا ہے جس سے کاروباری لوگوں کویہ نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے.
یہ سامان بروقت نہ پہنچنے پر جہاں مالکان کو یہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے وہیں اس سے ملک کی ساکھ پر بھی برا اثر پڑ رہا ہے اورامپورٹ شدہ سامان بروقت نہ پہنچنے سے انڈسٹری بند ہو رہی ہے، جبکہ ان تمام حالات میں حکومت سندھ اور وفاق کی طرف سے اختیار کئے جانے والے روئیے اور بے حسی کے باعث ٹرانسپورٹرز خود کو غیر محفوظ سمجھ رہا ہے،انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ ٹرانسپورٹرزملکی معیشت چلانے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لہذاٰ انہیں آزادانہ کام کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں اور چوبیس گھنٹوں کے اندر دھرنا ختم کروا کر مال بردار گاڑیوں کی ملک بھر میں آمدورفت کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر ملک بھرکی گڈز کیریئر ایسوسی ایشنزملک بھر میں اپنا آپریشن روکنے اور گاڑیاں اسلام آباد لانے پر مجبور ہونگے۔