چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے کے قائمقام چیرمین طلعت محمود کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد

اسلام آ باد ( سٹاف رپورٹر )چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے کے قائمقام چیرمین طلعت محمود کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر انوائرنمنٹ، ڈی جی ریکوری ، ڈی جی بلڈنگ کنڑول ،ڈی جی پلاننگ،ڈی جی ریسو رس،ہیڈ آف ٹریری, سی ڈی اے، سی ای او ،ایم سی آئی، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ اور ڈائریکٹر ڈی ایم اے نے شرکت کی۔ اجلاس میں فنانس ونگ سی ڈی اے نے سی ڈی اے کی فنانشل پوزیشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی جی ریکوری سی ڈی اے کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس نےسی ڈی اے کے تمام بقایاجات کی وصولی کیلئے سی ڈی اے کے متعلقہ شعبوں کے ساتھ مل کر سی ڈی اے کے پراپرٹی چارجز، ڈویلپمنٹ چارجز، واٹر چارجز، سی ڈی اے کی نیلامی میں حاصل کردہ کمرشل اور ریزیڈینشل پلاٹس کی بقیہ اقساط کی ادائیگی، ٹرانسفر فیس اور دیگر چارجز کی وصولی کیلئے ایک جامع پلان آف ایکشن ترتیب دیا ہےجس پر قانون کے مطابق عملدرآمد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ سی ڈی اے کے تمام بقایا جات شہریوں سے بروقت وصول کرکے ان کو اسلام آباد شہر کی ترقی، خوشحالی اور خوبصورتی پر خرچ کیا جاسکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ جن شہریوں کے ذمہ سی ڈی اے کے مختلف شعبوں کے واجبات بقایا ہیں ان کو فوری طور پر اپنے بقایاجات سی ڈی اے کو جمع کروانے کے لیے کہا گیا ہے بصورت دیگر سی ڈی اے کے تمام نادہندگان کی پراپرٹیز پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ انکی پراپرٹیز کی الاٹمنٹ بھی 30 جون، 2025 کے بعد منسوخ کردی جائیں گی جن کی قانون کے مطابق نیلامی بھی کی جاسکے گی ،اس لیے سی ڈی اے نے عوام سے انکے بہترین مفاد میں کہا ہے کہ وہ سی ڈی اے کے تمام بقایاجات فوری طور پر 30 جون، 2025 سے پہلے سی ڈی اے کے ون ونڈو فسیلیٹشن سینٹر پر جمع کروائیں بصورت دیگر سی ڈی اے کے نادہندگان کے نام بزریعہ اشتہارات اخبارات میں مشتہر کیے جائیں گے جس سے ان کی ساکھ بھی متاثر ہو سکتی ہے جس کی زمہ داری سی ڈی اے پر عائد نہ ہو گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سی ڈی اے ون ونڈو فسیلیٹشن سینٹر صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلا رہے گا تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو اپنی واجب الادا اقساط اور سی ڈی اے کے بقایاجات کی ادائیگی با آسانی کر سکیں اس کے ساتھ ساتھ شہری 30 جون، 2025 کے بعد جرمانہ اور قانون کے مطابق کارروائی سے بچ سکیں گے چیئرمین سی ڈی اے کی واضح ہدایت کے مطابق جو افراد یا ادارے اپنے واجبات ادا کرنے میں ڈیفالٹ کریں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،واضح رہے چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد، اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا تمام معاملات کی ازخود نگرانی کررہے ہیں تاکہ شہری سی ڈی اے کے تمام بقاجات کی ادائیگی فوری طور پر یقینی بنا سکیں.