وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف نئے انتخابات کے لیے تیار ہے، سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آیا قبول کریں گے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے قانونی ٹیم سے ملاقات کی، ملاقات میں اٹارنی جنرل خالد جاوید خان ، بابر اعوان، اظہر صدیق ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ میں از خود نوٹس کی سماعت پر بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ قانونی ٹیم سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آیا قبول کریں گے، تحریک انصاف نئے انتخابات کے لیے تیار ہے،غیر ملکی سازش کو کسی طور پر کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔