آئی سی ٹی انتظامیہ اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے مابین ای۔اسٹامپ پیپر کے نظام کو متعارف کروانے کے سلسلہ میں معاہدے پر دستخط

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جسمیں آئی سی ٹی اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے مابین ای۔اسٹامپ پیپر کے نظام کو متعارف کروانے کیلئے ایک معاہدہ ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ڈائریکٹر آئی سی ٹی رابعہ اورنگزیب جبکہ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (PLRA) کے افسران سمیت آئی سی ٹی کے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق، آئی سی ٹی اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کے مابین ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے جسکے تحت وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق آئی سی ٹی کے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجٹلائزیشن کے ساتھ ای اسٹامپ پیپر کے نظام کو جلد اسلام آباد میں متعارف کیا جائے گا ،واضح رہے اس ضمن میں آئی سی ٹی کے لینڈ ریکارڈ کو جدید خطوط پر ڈیجیٹلائز کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو اپنی پراپرٹیز کے ٹرانسفر، انتقال، خرید و فروخت کرنے کے سلسلہ میں مشکلات کے حل کیلئے یہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

اس سلسلہ میں ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ ای۔اسٹامپ پیپر کے اجراء سے عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے ساتھ عوامی خدمات و سہولیات کو بہتر بنانے مدد ملے گی۔ اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجٹلائزایشن کے ذریعے سی پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے.