اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو سیاسی جماعت اسلامی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جسٹس محمد اعظم خان نے جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر نصر اللہ رندھاوا اپنے وکیل چودھری شعیب احمد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس سے قبل لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کو بھی عدالت میں چیلنج کیا جا چکا ہے جبکہ اب الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لے لیا ہے۔
وکیل کے مطابق اسلام آباد میں 2015 میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے جن کی پانچ سالہ مدت مکمل ہو چکی ہے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قانون کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر نئے انتخابات کا انعقاد لازم ہے اس لیے الیکشن شیڈول واپس لینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے درخواست گزار کی جانب سے یہ استدعا بھی کی گئی کہ مرکزی کیس 27 جنوری کو مقرر ہے، اس وقت تک الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے تاہم عدالت نے فوری حکمِ امتناع جاری کرنے سے انکار کر دیا اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔

