سی ڈی اے نے اسلام آباد میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ رمضان ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کر دیا

اسلام آباد(سٹی رپورٹر ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کھیل و صحتمندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے ٹیلنٹ ہنٹ رمضان ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ انٹر کلب ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز تین مارچ سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنکو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے نے رواں برس کرکٹ کلبز کو مواقع فراہم کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام زونز کے ٹاپ آٹھ کلبوں کو مدعو کیا ہے۔ اور اسکے ساتھ ساتھ پورے پاکستان سے اوپن ٹرائلز کے ذریعے دو ٹیموں کو بھی منتخب کرنے کے بعد ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے یہ ٹورنامنٹ لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائیگا اور ہر ٹیم چار چار میچز کھیلے گی۔پول اے میں منسٹر الیون، I-8 آصف میموریل، G-10 جنون، G-8 واریئرز اور G-9 الیون سٹار شامل ہیں جبکہ پول بی میں چیئرمین سی ڈی اے الیون، G-7 لکی سٹار، F-11 غوری، G-6 شیر پاؤ اور F-8 جے جے شامل ہیں۔

اس ٹورنامنٹ کا انعقاد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 3 مختلف گراؤنڈز میں کیا جائیگا۔ جسمیں مرغزار کرکٹ گراؤنڈ، F-7 نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اور G-7 بھٹو کرکٹ گراؤنڈ شامل ہیں۔ F-7 کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے تمام میچز براہ راست یوٹیوب اور سی ڈی اے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ٹیلی کاسٹ ہونگے۔ روزانہ کی بنیاد پر دو میچز کھیلے جائینگے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 15 مارچ کو F-7 کرکٹ گراؤنڈ میں مصنوعی روشنیوں میں کھیلا جائیگا۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام گراؤنڈز کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور اس سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو صحتمندانہ سرگرمیاں فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو جہاں بہتر سے بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے سی ڈی اے دن رات مصروف عمل ہے وہیں شہریوں کو کھیل و صحتمندانہ سرگرمیاں کے مواقع فراہم کرنا بھی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے.