گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات، پولنگ 7 جون کو، شیڈول جاری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) گلگت بلتستان میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق پولنگ 7 جون 2026 کو ہوگی، چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے انتخابی شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار 16 سے 20 اپریل تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 21 اپریل کو جاری کی جائے گی، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 28 اپریل تک مکمل ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی سے متعلق اپیلوں پر فیصلے 9 مئی تک کیے جائیں گے، جبکہ امیدوار 11 مئی تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے، حتمی امیدواروں کی فہرست اور انتخابی نشانات 12 مئی کو جاری کیے جائیں گے، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے 24 حلقوں میں ایک ہی روز پولنگ ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کے تعاون سے پرامن انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا اور ووٹرز کو آزادانہ ماحول فراہم کیا جائے گا۔