ایم ٹیگ کی تنصیب کرنے والی گاڑیوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد، یکم جنوری سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں میں ایم ٹیگ لگوا دیے گئے ہیں، جبکہ یکم جنوری سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع ہو جائے گی۔ ڈیڈلائن کے قریب آتے ہی ایم ٹیگ سینٹرز پر شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے شہری سہولت کے پیش نظر سینٹرز میں عملہ اور سٹاک بڑھا دیا گیا ہے۔ 14 نومبر سے اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3,842 گاڑیاں شامل ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنرز نے ایم ٹیگ سینٹرز کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ یکم جنوری سے مختلف انٹری پوائنٹس پر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو روکنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور ٹیگ ریڈرز فعال کر دیے جائیں گے ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے ایم ٹیگ سینٹرز کے عملے کو تیز رفتاری سے ٹیگ لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ شہری سہولت کے لیے ایم ٹیگ سینٹرز کی تعداد 16 تک بڑھا دی گئی ہے۔