دارالعلوم نعیمیہ لاہور میں مفتی حسین نعیمی و ڈاکٹر سرفراز حسین نعیمی کے عرس اور جلسہ دستار فضیلت کا انعقاد

راولپنڈی ( سٹی رپورٹر ) دارالعلوم نعیمیہ گڑھی شاہو لاہور کے مقام پر مفتی محمد حسین نعیمی و استاذ العلماء ڈاکٹر مفتی سرفراز حسین نعیمی رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عُرس مبارک اور جلسہ دستار فضیلت و سیمینارکا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کی جبکہ خصوصی خطاب عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کیا اور کہا کہ رب رحمان قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے کہ اے ایمان والو اللہ سے ڈرو اور سچوں کا ساتھ اختیار کرو۔ مفسرین کرام اس آیت مبارکہ کی تشریح میں فرماتے ہیں کہ تقوی اور سچے لوگوں کے ساتھ کو ایک آیت میں ذکر فرمانے کا مقصد یہ ہے کہ جن لوگوں کو تقوی حاصل ہوتا ہے.

جو کہ ایک خزانہ ہے اور اس خزانے کا لٹیرا شیطان ہے اور سچے لوگوں و صالحین کی صحبت ہی کے ذریعے تقوی جیسے خزانے کی حفاظت ممکن ہے۔ علم دین حاصل کرنے والے طلباء تقوی اور علم کی دولت سے مالا مال ہوتے ہیں اور علم دین اسقدر عظیم علم ہے جس کے متعلق حضور نبی رحمت صلی اللہ علیہ والہ وسلم فرماتے ہیں کہ اللہ تعالٰی جس کے ساتھ بھلائی کا ارادہ فرماتے ہیں اسے فہم دین عطا فرما دیتے ہیں اور مولائے کائنات شیر خدا حضرت علی کرم اللہ تعالٰی وجہہ الکریم ارشاد فرماتے ہیں کہ علم سے بڑھ کر کوئی خزانہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی دین متین اسلام، اسلامی نظریاتی کونسل، مختلف ملکی اداروں اور ریاستی سطح پر تمام خدمات قابل ستائش ہیں۔ اس عظیم الشان جلسہ دستار فضیلت میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، شیوخ الحدیث اور ہزاروں کی تعداد میں فارغ التحصیل ہونے والے طلبا نے شرکت کی۔