اسلام آباد بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری، 1 ہزار 911 گاڑیوں پر کاروائی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی دارالحکومت میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد مجموعی طور پر 11 ہزار 963 گاڑیوں کی انسپکشن کی گئی، جن میں 8 سب ڈویژنز میں 1 ہزار 911 گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

شہر بھر میں اب تک مجموعی طور پر 1 لاکھ 75 ہزار 346 گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف علاقوں میں قائم 18 پوائنٹس پر 3 ہزار 592 گاڑیوں کو ایم ٹیگ فراہم کیا گیا۔ ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے بتایا کہ بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگوائیں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ایم ٹیگ سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، جن میں سے دو سینٹرز چوبیس گھنٹے اور دو سینٹرز رات 12 بجے تک خدمات فراہم کر رہے ہیں۔