نیو بلیو ایریا میں 100 روپے پارکنگ معاملہ حکم امتناعی جاری عدالت نے سی ڈی اے حکام کو طلب کر لیا

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی دارالحکومت کے نیو بلیو ایریا میں شہریوں سے 100 روپے پارکنگ فیس وصول کرنے کے معاملے پر تنازع شدت اختیار کر گیا۔ شہریوں نے اس اقدام کو “جگا ٹیکس” قرار دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے، تفصیلات کے مطابق نیو بلیو ایریا میں خرید و فروخت اور دیگر کاموں کی غرض سے آنے والے شہریوں سے سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی جانب سے 100 روپے پارکنگ فیس وصول کی جا رہی تھی۔

شہریوں کا مؤقف ہے کہ علاقے میں داخل ہوتے ہی انہیں ایک ٹکٹ تھما دیا جاتا ہے جس پر پارکنگ فیس درج ہوتی ہے، جبکہ ساتھ یہ بھی تحریر کیا جاتا ہے کہ گاڑی چوری یا کسی نقصان کی صورت میں مالک خود ذمہ دار ہوگا، شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر گاڑی کی حفاظت کی ذمہ داری ادارے کی نہیں تو پھر پارکنگ فیس کس بنیاد پر وصول کی جا رہی ہے, ان کا کہنا ہے کہ نیو بلیو ایریا میں داخل ہونے کے لیے یہ اضافی فیس کسی ٹیکس سے کم نہیں۔

معاملے پر ایک شہری نے عدالت سے رجوع کیا، جس پر مقامی عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے سی ڈی اے کو 100 روپے فیس وصول کرنے سے روک دیا، عدالت نے سی ڈی اے حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے، دوسری جانب شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پارکنگ فیس کے نام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔

اس حوالے سے ترجمان سی ڈی اے سے کیپیٹل نیوز پوائنٹ نے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ معاملہ اب عدالت چلا گیا ہے عدالت نے سٹے ارڈر جاری کر دیا ہے لہذا ابھی پارکنگ ٹیکس وصول نہیں کیا جا رہا