اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) امارات بلڈنگ سے افسوسناک واقعہ، 32 سالہ خاتون کی ہلاکت کی تحقیقات جاری اسلام آباد میں واقع امارات بلڈنگ میں ایک افسوسناک واقعے کے بعد تحقیقات جاری ہیں، جس میں 32 سالہ مریم ملک کی ہلاکت ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مریم ملک کا تعلق سیالکوٹ سے تھا جبکہ وہ اسلام آباد میں مقیم تھیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون آن لائن ٹریڈنگ کے کاروبار سے وابستہ تھیں اور مبینہ طور پر اپنے شوہر کی خطیر رقم بھی اسی سرگرمی میں نقصان میں چلی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق وہ واقعے کے روز گھر سے پیدل نکلی تھیں اور اپنے ساتھ موبائل فون بھی نہیں لے کر گئی تھیں، پولیس کا کہنا ہے کہ مریم ملک اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ماضی میں مونال ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے بھی آتی رہی تھیں، واقعے کے روز وہ امارات بلڈنگ میں موجود تھیں جہاں انہوں نے میز پر کرسی رکھ کر چھلانگ لگائی جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی۔
پولیس نے قریبی ہوٹل انتظامیہ سے حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج کو تفتیشی ریکارڈ کا حصہ بنا لیا ہے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، دوسری جانب سی ڈی اے ذرائع کے مطابق امارات بلڈنگ کا تکمیلی سرٹیفکیٹ ابھی تک جاری نہیں کیا گیا تھا، تاہم اس سے قبل ہی عمارت کو کرائے پر دے دیا گیا تھا۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق قواعد و ضوابط کے تحت تکمیلی سرٹیفکیٹ کے بغیر عمارت کو کرائے پر دینا خلافِ ضابطہ ہے۔
سی ڈی اے نے امارات بلڈنگ انتظامیہ کو نوٹس جاری کر دیا ہے جبکہ اس کیس سے متعلق ایڈیشنل سٹوری پر بھی مزید کارروائی زیرِ غور ہے، پولیس اور متعلقہ ادارے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

