اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق پولیس افسر طارق محمود کے خلاف مبینہ طور پر اپنی بیوی کو قتل کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش اور آلہ قتل کی برآمدگی ضروری ہے، جس کے لیے جسمانی ریمانڈ درکار ہے، پولیس کی جانب سے ملزم کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی تھی، تاہم عدالت نے دلائل سننے کے بعد 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ پیش کیا جائے، واضح رہے کہ سابق پولیس اہلکار طارق محمود کے خلاف تھانہ کورال میں قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، اور پولیس کیس کی مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔

