اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) نے مالی سال 2025-26 کے اختتام پر مالی اور آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے لائن لاسز 10.43 فیصد سے کم کر کے 9.80 فیصد تک لے آئی، جس کے ساتھ کمپنی سنگل ڈیجٹ لائن لاسز حاصل کرنے والی بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں شامل ہو گئی ، اسی عرصے کے دوران کمپنی کی ریکوری کی شرح 100 فیصد سے تجاوز کر گئی، جبکہ قومی سرکلر ڈیٹ میں گیپکو کا حصہ مسلسل صفر رہا ، مزید برآں کمپنی نے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (گارنٹی) لمیٹڈ کو واجبات کی بروقت اور مکمل ادائیگی بھی یقینی بنائی۔
گیپکو نے مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 5.2 ارب روپے کی بچت بھی حاصل کی, یہ کامیابی درست اور بروقت بلنگ، بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف مؤثر کارروائی، تقسیمی نظام کی توسیع، نئے گرڈ اسٹیشنز کی تکمیل اور اوورلوڈڈ فیڈرز اور ٹرانسفارمرز کی بحالی جیسے اقدامات کا نتیجہ ہے، جن سے نہ صرف کمپنی کی مالی پوزیشن مستحکم ہوئی بلکہ نظام کی مجموعی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئی۔
صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی کمپنی نے نمایاں پیش رفت کی ہے اور خراب بجلی کے میٹرز کی تبدیلی کا دورانیہ کم کر کے ایک ماہ تک محدود کر دیا گیا ہے، جس سے صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ گیپکو کی یہ کارکردگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی مسلسل، مؤثر اور ڈیٹا پر مبنی نگرانی مثبت نتائج دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈسکوز کی لائن لاسز اور ریکوری کی صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، انتظامیہ کو مقررہ اہداف کے حصول کا پابند بنایا گیا ہے، جبکہ فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی کو مؤثر انداز میں جوابدہی کے نظام سے منسلک کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گیپکو کے نتائج وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کے اصلاحاتی ایجنڈے کی کامیابی کی عکاسی کرتے ہیں، جس کے تحت تمام ڈسکوز کی مسلسل کارکردگی کی نگرانی، بلنگ اور ریکوری نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں، لائن لاسز میں کمی، نظام کی جدیدکاری اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے ڈسکوز میں آزاد اور پیشہ ورانہ بورڈز آف ڈائریکٹرز کی تقرری اور کمپنیوں کے روزمرہ انتظامی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی نے انتظامیہ کو پیشہ ورانہ انداز میں فیصلے کرنے، طویل المدتی منصوبہ بندی اختیار کرنے اور بہتر نتائج دینے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران گیپکو کی کارکردگی اس امر کی غماز ہے کہ بااختیار انتظامیہ، مضبوط طرزِ حکمرانی، شفاف احتساب اور اصلاحات کے تسلسل سے پاکستان کے بجلی کے شعبے کی مالی اور ادارہ جاتی بنیادیں مزید مستحکم ہو رہی ہیں، اور دیگر ڈسکوز کی کارکردگی بھی اسی مثبت سمت میں گامزن ہے۔

