لاہور (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شکست خوردہ جماعتیں نتائج تسلیم کرنے کے بجائے انتشار کی سیاست کر رہی ہیں، صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خواتین نے بھی پولنگ کے عمل میں بھرپور حصہ لیا، بعض سیاسی جماعتیں گزشتہ18 برس کی اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھنے میں ناکام رہی ہیں۔
اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں شکست کھانے والے عناصر انتشار اور فساد کی سیاست کرنا چاہتے ہیں ، صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی کارکردگی اشتہارات کے ذریعے بتانا پڑی جب کہ نتائج سے قبل ہی پریس کانفرنسوں کے ذریعے اعتراضات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ،عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اب تک الیکشن کمیشن میں کوئی باضابطہ درخواست جمع نہیں کرائی اور صرف میڈیا پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بعض پولنگ ایجنٹس کم عمر اور غیر تربیت یافتہ تھے، جس کے باعث انہیں پولنگ سٹیشنوں سے نکالا گیا ، صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی معاملات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اسی وجہ سے مخالفین کو ووٹ نہیں دیا ، عظمیٰ بخاری نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کو سندھ بنانے کے بجائے آزاد کشمیر بنانے کی بات کر رہے ہیں جو دراصل سندھ حکومت پر چارج شیٹ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا عزم ہے کہ آزاد کشمیر کو پنجاب کی طرز پر ترقی یافتہ بنایا جائے گا ، وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر قیادت کی توہین کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، محسن نقوی کا نام لیے بغیر کہا کہ جو لوگ نظام کے خاتمے کی باتیں کر رہے ہیں وہ خود اسی نظام کے ذریعے تیزی سے آگے بڑھے ہیں ، عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ آصف کے بیان کے بعد مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں جب کہ پنجاب میں مریم نواز ایک مضبوط وزیراعلیٰ ہیں۔

