Adiala Jail Power Outage Delays Indictment of Imaan Mazari and Hadi Ali Chattha Capitalnewspoint.com

بیریئر ہٹانے کا کیس ، ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم عائد

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) انسداد دہشت گردی عدالت نے بیریئر ہٹانے سے متعلق مقدمے میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم عائد کردی ، کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی، جبکہ دونوں ملزمان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران وکیل زینب جنجوعہ نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود انہیں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ مقدمے کی نقول بھی ملزمان کو فراہم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ تقریباً دو گھنٹے اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہیں اور عدالت سے دونوں کو پیش کرنے کی استدعا کی۔

ملزمان اور وکیل کے اعتراضات :

ہادی علی چٹھہ نے عدالت میں اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مقدمے کی نقول تاحال فراہم نہیں کی گئیں، اس لیے قانونی تقاضے مکمل ہونے سے قبل فرد جرم عائد نہیں کی جاسکتی۔

زینب جنجوعہ نے بھی مؤقف اپنایا کہ نہ تو ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو مقدمے کی نقول دی گئیں اور نہ ہی وکلا کو ان سے ملاقات کا موقع ملا۔ ان کے مطابق ایسی صورت میں فرد جرم عائد نہیں ہونی چاہیے ، عدالت نے دفاع کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کے باوجود فرد جرم عائد کردی۔ جج طاہر عباس سپرا نے وکیل سے کہا کہ وہ عدالتی حکم کو چیلنج کرسکتی ہیں۔

9 اکتوبر کو گواہ طلب :

عدالت نے آئندہ سماعت پر ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ذاتی حیثیت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے استغاثہ کے گواہوں کو بھی طلب کرلیا ، کیس کی مزید سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

مزید پڑھیں : اڈیالہ جیل میں بجلی بند، ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی