کوئٹہ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 58 کروڑ 52 لاکھ مالیت کی 115 کلو افیون برآمد

کوئٹہ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) کسٹمز موبائل اسکواڈ بلیلی نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سرانان کے علاقے میں ایک ڈمپنگ سائٹ سے 115 کلوگرام افیون برآمد کرلی، برآمد شدہ منشیات کی عالمی مارکیٹ میں تخمینہ شدہ مالیت 58 کروڑ 52 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 14 نومبر 2026 کو کسٹمز موبائل اسکواڈ بلیلی کو مخبر کے ذریعے قابلِ اعتماد اطلاع موصول ہوئی تھی کہ سرانان کے مقام پر بھاری مقدار میں منشیات چھپائی گئی ہے، جسے کوئٹہ اسمگل کرنے کا امکان ہے ، اطلاع ملتے ہی کسٹمز ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں آپریشن شروع کیا اور تقریباً دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ڈمپنگ سائٹ سے 115 کلوگرام افیون برآمد کرلی، برآمد شدہ منشیات کا وزن پیکنگ سمیت 115 کلوگرام ہے۔

کسٹمز حکام کے مطابق ضبط شدہ افیون کی تخمینہ شدہ مارکیٹ مالیت 585.2 ملین روپے ہے، جسے مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت محفوظ تحویل کے لیے اسٹیٹ ویئر ہاؤس کوئٹہ میں جمع کرا دیا گیا ہے ، کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف یہ کامیاب کارروائی ادارے کی مستعدی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور منشیات کی غیر قانونی نقل و حرکت روکنے کے عزم کا مظہر ہے۔

کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قومی سلامتی اور عوامی مفاد کے وسیع تر تناظر میں اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔