اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس کو سیل کرنے کے خلاف دائر درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی اور درخواست گزار کو پانچ روز کے اندر بری امام ہاؤس کی ملکیت کے دعوے سے متعلق دستاویزات کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ایاز شوکت نے پانچ صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ اس زمین کا مالک اور قابض ہے جس پر بری امام ہاؤس کی عمارت قائم ہے, عدالت نے واضح کیا کہ زمین کے خسرہ نمبر بھی وہی ہونے چاہئیں جو درخواست گزار کی ملکیتی دستاویزات میں درج ہیں۔
عدالت نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کی جانب سے ملکیت کے ثبوت جمع کرائے جانے کے بعد متعلقہ دستاویزات اور اپنے سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لے کر دو روز کے اندر فیصلہ کیا جائے۔ سی ڈی اے کا فیصلہ قانون کے عین مطابق ہونا چاہیے اور اس کی نقل تحریری وجوہات کے ساتھ درخواست گزار کو بھی فراہم کی جائے۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر درخواست گزار زمین کی ملکیت ثابت کرنے میں ناکام رہتا ہے تو سی ڈی اے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا مجاز ہوگا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ درخواست میں پہلے جاری کیا گیا حکم امتناع بھی اسی فیصلے کا حصہ تصور کیا جائے گا ، جسٹس ایاز شوکت نے پانچ صفحات پر مشتمل فیصلے میں واضح کیا کہ بری امام ہاؤس کی ملکیت کا معاملہ متعلقہ دستاویزات اور سرکاری ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد قانون کے مطابق طے کیا جائے۔

