اسلام آباد(سی این پی )اسلام آباد پولیس نے غیر ملکی خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کرلیا۔ملزم سفیر جو پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی میں سکیورٹی گارڈ ہے نے 06جون کو متاثر ہ خاتون کے ساتھ زیادتی کی تھی اور فرار ہو گیا تھا۔ملزم کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ نمبر 511/22بجرم 376/377ت پ در ج ہے ۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مورخہ 06جون 2022کو غیر ملکی خاتون نے تھانہ آبپارہ پولیس کو درخواست دی کہ محمد سفیر جو اس کے گھر سکیورٹی گارڈ ہے نے اس کے ساتھ گھر میں زیادتی کی ہے جس پر تھانہ آبپارہ پولیس نے فوری مقدمہ نمبر 511/22بجرم 376/377ت پ در ج رجسٹر کر کے تفتیش عمل میں لائی ۔
آئی جی اسلا م آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ کی زیر نگرانی ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر ، ایس پی سٹی نوشیروان علی معہ دیگر افسران پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی پولیس نے ٹیم نے جائے وقوعہ سے مکمل شواہد اکٹھے کئے اور متاثرہ خاتون کا میڈیکل کروایا ۔ پولیس ٹیموں نے دن رات محنت کر کے ملزم جو کہ روپوش ہو گیا تھا کو ٹریس کیا اور گرفتار کرلیا ۔
ملزم محمد سفیر ایک پرائیویٹ سکیورٹی کمپنی میں سکیورٹی گارڈ ہے جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف جرم کر لیا ہے ، مزید تفتیش جاری ہے ۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ میں ڈی آئی جی آپریشنز اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے سخت محنت سے اس ملزم کو ٹریس کیا ۔ ملزم کاسائنسی اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں چالان مرتب کر کے مجاز عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ملزم کو قرار واقعی سزا دلوا کر نشان عبرت بنایا جائے گا۔