اسلام آباد.پولیس کا ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ،شہر کے اہم مقامات پر ٹریفک کنجیشن یونٹ کے علاوہ اضافی خصوصی دستے بھی تشکیل،مکمل عملدرآمد تک ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
وفاقی دارلحکومت میں ٹریفک کے نظام کومزید بہتر بنانے اورشہرکو ٹریفک حادثات سے محفوظ کرنے کیلئے تمام تر اقدامات عمل میں لارہی ہے،اس سلسلے میں اسلام آبادپولیس نے ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسلام آبادپولیس ٹریفک کنجیشن یونٹ کے علاوہ خصوصی دستے بھی وفاقی دارالحکومت کی شاہراؤں اور اہم مقامات پر تعینات کر دئیے گئے ہیں.
جوٹریفک قوانین خصوصاً ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا رہے ہیں، اس سلسلہ میں ایس ایس پی ٹریفک اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے تمام زونل افسران کو ہدایات جاری کی کہ وہ ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائیں،ایسے عناصرسے ہرگز کوئی رعایت نہ برتی جائے جو اپنے اور دوسروں کے لیے حادثات کا سبب بنتے ہیں.
اسلام آباد ٹریفک پولیس آگاہی ونگ کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہریوں کو ٹریفک کی خلاف ورزی کے نقصانات اور دیگر ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا جائے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے ہی ان کی جان ومال کی حفاظت ممکن ہے،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو 92.4پر بھی ٹریفک قوانین کے متعلق خصوصی نشریات کا اہتمام کیا جائے، شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک اشاروں اور دیگر قوانین کا احترام کریں کیونکہ یہ آپ کی حفاظت کے ضامن ہیں۔