اسلام آبا د پولیس کا ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائیوںکو مزید تیز کرنے کا فیصلہ،

اسلام آبا د (کرائم رپوٹر) پولیس کا ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائیوںکو مزید تیز کرنے کا فیصلہ،شہر کے اہم مقامات پر ٹریفک کنجیشن یونٹ کے علاوہ اضافی خصوصی دستے بھی تشکیل،مکمل عملدرآمد تک ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس وفاقی دارلحکومت میں ٹریفک کے نظام کومزید بہتر بنانے اورشہرکو ٹریفک حادثات سے محفوظ کرنے کےلئے تمام تر اقدامات عمل میں لارہی ہے،اس سلسلے میں اسلام آبادپولیس نے ٹریفک اشاروںکی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسلام آبادپولیس ٹریفک کنجیشن یونٹ کے علاوہ خصوصی دستے بھی وفاقی دارالحکومت کی شاہراﺅں اور اہم مقامات پر تعینات کر دئیے گئے ہیں جوٹریفک قوانین خصوصاً ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کےخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا رہے ہیں.

اس سلسلہ میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے تمام زونل ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کی کہ وہ ٹریفک اشاروںکی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائیں،ایسے عناصرسے ہرگز کوئی رعایت نہ برتی جائے جو اپنے اور دوسروں کے لیے حادثات کا سبب بنتے ہیں ،اسلام آباد ٹریفک پولیس آگاہی ونگ کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہریوں کو ٹریفک کی خلاف ورزی کے نقصانات اور دیگر ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا جائے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے ہی ان کی جان ومال کی حفاظت ممکن ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو 92.4پر بھی ٹریفک قوانین کے متعلق خصوصی نشریات کا اہتمام کیا جائے، شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک اشاروںاور دیگر قوانین کا احترام کریں کیونکہ یہ آپ کی حفاظت کے ضامن ہیں۔