اسلام آبا د (سٹی رپور ٹر )میڈیا ٹاؤن کے 1050 ممبران کے ووٹ بحال کرنے کی درخواست، ایڈمنسٹریٹر سوسائٹی کو تحریری اپیل میڈیا ٹاؤن میں آئندہ الیکشن 2026 کے تناظر میں 1050 ممبران کے ووٹ کے حق سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فاؤنڈر گروپ کے رہنما ملک طارق حسین نے ایڈمنسٹریٹر سوسائٹی کو باضابطہ درخواست جمع کروا دی ہے جس میں تمام ممبران کے ووٹ بحال رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میڈیا ٹاؤن کی رہائشی راشیوں کے لیے سوئی گیس پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا، جس کے تحت ہر پلاٹ کے مالک پر 25 ہزار روپے واجب الادا تھے۔ تاہم اب تک صرف 600 ممبران نے یہ رقم ادا کی ہے جبکہ دیگر ممبران پر واجب الادا رقم تاحال باقی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سوئی گیس پائپ لائن بچھانے کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا اور ٹاؤن کے لیے گیس پائپ کو مین لائن سے جوڑنے کا کنکشن بھی تاحال باقی ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واجب الادا رقم ادا نہ کرنے والے ممبران کو الیکشن 2026 میں ووٹ کے حق سے محروم نہ کیا جائے ملک طارق حسین کی جانب سے دی گئی درخواست میں سوسائٹی انتظامیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ ممبران کو ادائیگی کے لیے مناسب مہلت دی جائے اور الیکشن کے دوران انہیں ووٹ کا مکمل حق دیا جائے، تاکہ تمام ممبران بلا تفریق انتخابی عمل میں حصہ لے سکیں ذرائع کے مطابق اس درخواست کا مقصد سوسائٹی کے تمام ممبران کو یکساں طور پر الیکشن میں شرکت اور ووٹ ڈالنے کا حق دلانا ہے، جبکہ حتمی فیصلہ ایڈمنسٹریٹر سوسائٹی کی جانب سے مشاورت کے بعد متوقع ہے۔

